ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شہید کی آخری رسومات میں قہقہے لگاتے نظر آئے مودی سرکارکے وزیر، لواحقین بھڑکے تو مانگی معافی

شہید کی آخری رسومات میں قہقہے لگاتے نظر آئے مودی سرکارکے وزیر، لواحقین بھڑکے تو مانگی معافی

Wed, 20 Feb 2019 23:41:05    S.O. News Service

میرٹھ، 20 فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بی جے پی جوانوں کی شہادت پردیش بھکتی کے بہانے سیاست میں مصروف ہے ،اس کے بھکت خوب ہنگامے کرکے دیش بھکتی کے بہانے فرقہ ورانہ سیاست کرکررہے ہیں۔

دوسری طرف بی جے پی لیڈروں کی مسکراہٹ اورمبینہ تضحیک سے سوا ل بھی اٹھ رہے ہیں۔ جموں و کشمیر کے پلوامہ میں جیش محمد کے دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہوئے میرٹھ کے اجے کمار کی منگل کوآخری رسومات ہوئیں۔ان کی آخری رسومات میں مرکزی وزیر ستیہ پال سنگھ بھی شامل ہوئے، لیکن انہیں وہاں پر عوام کاغصہ جھیلنا پڑا۔دراصل سوشل میڈیا پر وائرل کچھ تصاویر کی مانیں تو ستیہ پال سنگھ ان کی آخری رسومات کے دوران ہنستے ہوئے نظر آئے، ان کے ساتھ مقامی لیڈر بھی موجود تھے۔جب پورا ملک اجے کمار سمیت دیگر جوانوں کی شہادت پر غم میں ڈوبا تو وہیں ان کی آخری رسومات میں بی جے پی لیڈروں کا یوں ہنسنا وہاں بیٹھے رشتہ داروں اور لوگوں کو پسند نہیں آیا،جس کے بعد اہل خانہ نے اس پر اعتراض بھی ظاہرکیا۔معاملہ بڑھتا دیکھ مرکزی وزیر ستیہ پال سنگھ نے وہاں لوگوں سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگی۔اس دوران اتر پردیش کی حکومت کے وزیر سدھارتھ سنگھ، میرٹھ سے بی جے پی کے ایم پی راجندر اگروال بھی وہاں پر موجودتھے۔اتنا ہی نہیں وزیر سمیت کئی لیڈر اس دوران وہاں پر جوتے پہن کر بیٹھے تھے، لوگوں کا غصہ دیکھ انہوں نے فوری طور پر جوتے اتارے اور دوبارہ وہاں پر بیٹھے،حالات اتنے بگڑ گئے تھے کہ پولیس کو عوام کو قابو میں لانا پڑا۔بی جے پی لیڈروں کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہیں، یوزرس مسلسل بی جے پی لیڈروں کی تنقید کر رہے ہیں۔اس پر تنازعہ بڑھتا دیکھ ستیہ پال سنگھ نے ٹویٹ کر صفائی بھی دی۔

انہوں نے لکھا کہ کچھ لوگ بی جے پی پر غلط طریقے سے الزام لگا رہے ہیں۔ کل میرٹھ میں امر شہید اجے کمار سنگھ جی کو خراج عقیدت پیش کرنے میرے سمیت مغربی اترپردیش کی بی جے پی کی تقریبا ساری اعلی قیادت پورے وقت موجود رہی،ہم نے خاندان کو تسلی دی،خراج عقیدت پیش کیا۔ لیکن بدقسمتی سے اس پر بھی کچھ عنصر بی جے پی پارٹی اور قیادت پر بے بنیاد الزام لگا کر اپنی چھوٹی ذہنیت کو اجاگر کر رہے ہیں۔ایسے مشکل وقت میں ضرورت ہے تحمل اور شہیدوں کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہونے کی، نہ کہ سیاست کرنے کی۔میرٹھ کے علاوہ کچھ ایسا ہی نظارہ اڑیسہ میں دیکھنے کو ملا۔پلوامہ حملے میں شہید ہوئے منوج بیکیرا کی آخری رسوامت کے دوران بی جے ڈی کے مقامی ممبراسمبلی دیباشیش سامترےي ان کے اہل خانہ کے ساتھ بدسلوکی کرتے نظر آئے۔یہاں ممبر اسمبلی نے آخری رسومات کے دوران شہید کے چچا کو دھکا دیا اور انہیں جبرا جسد خاکی کے پاس بیٹھنے کو کہا۔اس سے پہلے بھی پلوامہ حملے کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے دوران بی جے پی کے ایم پی ساکشی مہاراج کی ہنستی ہوئی تصویر سامنے آئی تھی، شہید اجیت کمار آزاد کی آخری یاترا میں شامل ہونے ساکشی مہاراج جب ٹرک پر سوار ہوئے تو ہنستے ہوئے وہاں موجود لوگوں کوہاتھ ہلایا،اس کی ٹویٹر پر لوگوں نے کافی تنقید کی تھی۔


Share: